لکھنو ،04 ؍اکتوبر (آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں تشدد کے بعد مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کا بیان منظر عام پر آیا ہے۔ اجے مشرا نے اس تشدد کے لیے بھارتیہ کسان یونین کے رہنما راکیش ٹکیت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ اجے مشرا نے کہا ہے کہ میں اور میرا بیٹا اس وقت وہاں پر موجود نہیں تھے۔
اس معاملے کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔ سچ سب کے سامنے آئے گا۔اجے مشرا نے کہا کہ ہمارے کارکنان بھی تشدد میں ہلاک ہوئے ہیں ، انہیں معاوضہ بھی ملنا چاہیے۔ ہم نے اس واقعہ کے بارے میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے بات کی ہے۔ جو لوگ قصوروار ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ ہم نے مقدمہ درج کرانے کے لیے کہا ہے۔
اجے مشرا نے مزید کہاکہ جس طرح ہمارے کارکنوں کو مارا پیٹا گیا ہے ، اگر میرا بیٹا بھی وہاں ہوتا تو اسے بھی مارا پیٹا جاتا۔ ہم تحقیقات کے لیے تیار ہیں۔ ویڈیو میں واضح ہے کہ کچھ لوگ مار رہے ہیں اور وہ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ آپ وزیر کا نام لیں۔ میری گاڑی کارکنوںکو لے کرجا رہی تھی ، شاید انہوں نے اسے دیکھا اور سمجھا کہ میرا بیٹا اس میں ہے۔ اس کو قتل کرنے کے لیے بھی یہ حملہ ہو سکتا ہے۔